معروف  اداکار انورعلی انتقال کرگئے

معروف  اداکار انورعلی انتقال کرگئے

پاکستانی فلم، ٹی وی اور اسٹیج کے معروف اداکار انور علی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

وہ پھیپھڑوں اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور کئی روز سے زیرِ علاج تھے۔ گزشتہ شب طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں رائیونڈ روڈ کے ایک ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

اہلِ خانہ کے مطابق انور علی کی نمازِ جنازہ منگل کو بیٹی کے بیرونِ ملک سے واپس آنے کے بعد نمازِ ظہر کے فوراً بعد ادا کی جائے گی۔

انور علی کا شمار پاکستان کے نامور فنکاروں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے ڈرامہ سیریلز ابابیل، سونا چاندی، اندھیرا اجالا سمیت بے شمار یادگار کردار ادا کیے۔ اس کے علاوہ سیکڑوں اسٹیج ڈراموں میں اپنی منفرد اداکاری اور بے مثال طنز و مزاح کے ذریعے لاکھوں مداحوں کے دل جیتے۔

انہوں نے فنی سفر کا آغاز ریڈیو سے کیا جہاں ان کی برجستہ گفتگو اور مزاحیہ جملے سننے والوں کو بے حد پسند آئے۔ بعدازاں تھیٹر اور اسٹیج پر قدم رکھا اور کامیڈی کے ایک نئے انداز سے شائقین کو روشناس کرایا۔

Related Articles