ایران امریکا معاہدہ ، سب سے زیادہ کلیدی کردار فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ہے ، وزیراعظم

ایران امریکا معاہدہ ،  سب سے زیادہ کلیدی کردار فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ہے ، وزیراعظم

 وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایران امریکا معاہدے کے امن عمل میں حقیقتا سب سے زیادہ کلیدی کردار فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ہے ، اللہ نے پاکستان کو بے پناہ عزت عطا فرمائی ، اس کیلئے پوری قوم مبارکباد کی حقدار ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے کئی ممالک کو ایسی عزت کی تلاش میں صدیاں گزر جاتی ہیں ، دنیا میں آج کسی ملک کا نام عزت سے گونج رہا ہے تووہ پاکستان ہے،اللہ کےکرم سےپاکستان کوبےپناہ عزت ملی ہے۔

انہوں نے امریکہ ایران مفاہمتی یادداشت کو پاکستان کے لیے ایک عظیم کامیابی قرار دیتے ہوئے ایوان سے متفقہ قرارداد منظور کرنے کی اپیل کی تاکہ دنیا بھر میں ملکی اتحاد کا پیغام جائے، سب کی خدمت میں عرض کرتاہوں کہ آئیں مل کرآج اللہ کا شکر ادا کریں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاست اپنی جگہ لیکن قومی وحدت کیلئے ہم ایک ہیں اور رہیں گے ، عظیم مقصد کیلئے شبانہ روز محنت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں

وزیراعظم نے واضح کیا کہ اس پورے امن عمل میں سب سے زیادہ کلیدی کردار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ہے، جنہوں نے امن کے قیام کے لیے ڈھائی سے تین ماہ تک شبانہ روز انتھک محنت کی۔

انہوں نے نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ محسن نقوی، اتحادی جماعتوں، اپوزیشن لیڈر اور تمام اپوزیشن جماعتوں کو اس کارِ خیر میں بھرپور حصہ ڈالنے پر مبارکباد پیش کی جبکہ امن معاہدے میں بھرپور تعاون اور معاونت فراہم کرنے پر برادر ممالک سعودی عرب، ترکیہ، چین اور دیگر عرب ممالک کی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

قومی اسمبلی میں اظہار تشکر کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

ایران  امریکا معاہدہ کے بعد قومی اسمبلی میں اظہار تشکر کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے قرار داد پیش کی گئی، جسے ایوان نے منظور کیا۔

پیش کردہ قرارداد کے متن کے مطابق معاہدہ پوری دنیا میں امن کا باعث بنے گا، ایوان معاہدے پر امریکا اور ایران کی قیادت سمیت دنیا بھر کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔

قرارداد میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی کو امن کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

editor

Related Articles