انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 18 پیسے کی کمی دیکھنے میں آئی ہے، دوسری جانب سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی، جہاں 18 پیسے کی کمی کے بعد ڈالر 277 روپے 61 پیسے پر پہنچ گیا۔کاروبار کے آغاز میں ڈالر کی قیمت 19 پیسے کم ہو کر 277 روپے 60 پیسے پر ٹریڈ کر رہی تھی۔
گزشتہ روز ڈالر کی قیمت 277 روپے 79 پیسے تک پہنچ گئی تھی، جو آج کی معمولی کمی کے بعد 277 روپے 61 پیسے ہو گئی۔
دوسری جانب پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے
جس کے بعد سونا 2 لاکھ 80 ہزار 900 روپے کا ہوگیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 572 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 40 ہزار 826 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کا بھاؤ بڑھتا ہوا نظر آتا ہے، جہاں سونے کی قیمت 30 ڈالر اضافے کے ساتھ 2712 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی ہے۔