وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ وہ دعاگو ہیں کہ مولانا فضل الرحمان کی حکمت غالب آئے اور وہ پی ٹی آئی کو مذاکرات پر آمادہ کر لیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ان کی ذاتی رائے میں پی ٹی آئی کو قائل کرنا ممکن نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متفق ہونا اور مذاکرات کرنا پی ٹی آئی کی سیاست کا حصہ نہیں رہا، اور وہ وہی کچھ کریں گے جو گزشتہ 10 سال سے کرتے آ رہے ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ آج بھی پی ٹی آئی نے مذاکرات کے دوران کچھ مختلف باتیں کیں اور بہانہ بنایا کہ وہ مشاورت کر رہے ہیں۔ اگر پی ٹی آئی راضی نہ ہوئی تو مولانا فضل الرحمان اپنا مسودہ خود پیش کریں گے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اس معاملے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے اور آج کے اجلاس میں ضرور آئیں گے اور ووٹ دیں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ حکومت مولانا فضل الرحمان کے پیش کردہ مسودے پر آمادہ ہے، لیکن پی ٹی آئی کی کوشش ہے کہ مولانا کو کسی طرح بہکا دیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آئینی ترمیم کے ووٹ کے لیے کسی کو کوئی پیشکش نہیں کی گئی، اور اگر کسی کو کوئی آفر ہوئی ہے تو وہ سامنے آ کر عوام کو بتائے کہ اسے کتنے کروڑ کی پیشکش ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لے کر 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔