پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے منحرف اراکین کو قومی اسمبلی سے نکالنے اور پارٹی سے خارج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جن افراد نے آئینی ترامیم کے معاملے میں ووٹ کا حق استعمال کر کے پارٹی سے غداری کی، ان کا انجام بھی غداروں جیسا ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کا ووٹ عمران خان کی قیادت کا نتیجہ ہے، اور جو بھی ان کے ساتھ غداری کرے گا، اس کے پاس کچھ نہیں بچے گا۔ کل ہونے والی ترامیم کے بعد ہم تاریکیوں میں جا چکے ہیں اور اب ہمارے پاس صرف جدوجہد کا راستہ باقی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے یہ بھی کہا کہ بہت جلد وکلا کی ایک بڑی تحریک شروع ہوگی۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت ترمیم میں متعدد اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ مزید یہ کہ پی ٹی آئی کے رہنما نے خدشہ ظاہر کیا کہ آئندہ بھی ایسی مزید ترامیم کی جا سکتی ہیں۔