سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمتوں میں 70 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔
یہ کمی ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی جبکہ نیپرا اس درخواست پر 30 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔ ستمبر میں بجلی کی پیداوار کے لیے فرنس آئل کی قیمت 30 روپے 29 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی قیمت 24 روپے 95 پیسے فی یونٹ رہی۔
اس کے علاوہ وفاقی حکومت نے بجلی کے بلوں پر عائد ہونے والے جرمانے کی پالیسی میں تبدیلی کی ہے۔ نئے قوانین کے تحت مقررہ تاریخ کے بعد جمع ہونے والے بلوں پر 5 سے 10 فیصد سر چارج عائد کیا جائے گا۔ مقررہ تاریخ کے 3 دن بعد بل ادا کرنے کی صورت میں 5 فیصد سر چارج جبکہ 3 دن سے زیادہ گزر جانے پر 10 فیصد سر چارج عائد ہوگا۔
حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف ختم کرنے کے بعد نئے ٹیرف بھی نافذ کیے ہیں، جس کے تحت مختلف صارفین کے لیے مختلف قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔
پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 1 سے 50 یونٹس تک 9 روپے 93 پیسے، 51 سے 100 یونٹس پر 13 روپے 64 پیسے، اور 101 سے 200 یونٹس پر 29 روپے 21 پیسے فی یونٹ چارج کیا جائے گا۔یہ تبدیلیاں اکتوبر کے مہینے سے نافذ ہوں گی۔