محکمہ موسمیات نے 28 اکتوبر سے بارشوں کے سلسلے کی پیشنگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہے گا۔ تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیراور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
28اکتوبر سے 30اکتوبر تک بالائی خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان، کشمیر اورخطہ پوٹھوہار میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب 26سے 28 اکتوبر کے درمیان کم از کم 2 سے 3 دن تک بلوچستان کے کچھ حصوں، خاص طور پر اس کے جنوبی اور مغربی حصوں نوکنڈی، دالبندین، پنجگور اور مکران ساحل کے کچھ حصوں میں گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ بعض علاقوں کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی، سبی، بارکھان، جعفرآباد، نصیر آباد، کچھی (بولان)، کوہلو، ہرنائی، لورالائی اور ژوب کے علاقوں میں ہفتے کے وسط میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔