ایران اسرائیل کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے پاکستان میں فلائٹ آپریشن متاثر ہو رہا ہے، 16 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں اور متعدد تاخیر کا شکار ہیں۔
کراچی سے جدہ، مشہد، بغداد اور تہران کی 8 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے اسلام آباد سے نجف کی غیر ملکی ایئر لائن کی 2 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔
جدہ، دبئی، بحرین، راس الخیمہ سے اسلام آباد کی پروازوں میں 1 سے 5 گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہیں۔
دریں اثنا مختلف ممالک کی فضائی حدود بند ش کے باعث مختلف غیر ملکی ایئر لائنز نے اپنے مختلف سیکٹرز کیلئے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال شروع کر دیا ، رپورٹ کے مطابق ایمریٹس سمیت کئی بڑی ایئرلائنز شمالی امریکا، مصر اور دیگر ممالک کیلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کر رہی ہیں۔
ایئرلائنز مغربی پاکستان سے گزر کر مغرب میں افغانستان، ترکمانستان، بحیرہ کیسپین ، آذربائیجان اور ترکی کے بعد آگے جا رہی ہیں، جنگ کے باعث ایران، عراق، شام، اردن اور اسرائیل کی فضائی حدود بدستور بند ہیں۔
دوسری جانب ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے باوجود پاک ایران سرحد بدستور کھلی ہے، اس حوالے سے وزارت خارجہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران کا فضائی راستہ بند لیکن زمینی سرحد سے آمد ورفت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران سے پاکستان واپس آنے والے شہری مسلسل آ رہے ہیں اور پاکستان سے ایران جانے والے بھی زمینی راستے سے سرحد پار کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ 450 پاکستانی زائرین کو ایران سے کامیابی کے ساتھ نکال لیا گیا ہے، حکومت خطے میں پاکستانی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔