اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ اور لبنان میں جاری بمباری کے نتیجے میں بڑی تعداد میں انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ حالیہ وحشیانہ بمباری میں جبالیہ میں 150 افراد شہید ہوئے اور 10 عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے کمال عدوان اسپتال پر بھی دھاوا بول دیا، جہاں اسپتال کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ بچوں اور مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ فلسطینی حکام نے شمالی غزہ میں بدترین قتل عام کا ذکر کیا اور بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے خان یونس پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں 28 فلسطینی شہید ہو گئے۔
لبنان میں بھی اسرائیلی فورسز کی بمباری میں 24 گھنٹے کے دوران 19 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں جنوبی لبنان میں 3 صحافی بھی شامل ہیں۔ فرانسیسی صدر نے لبنان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
ادھر لبنان میں مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں اسرائیل کے 4 فوجی ہلاک اور 6 شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک فوجی جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران جان سے گئے جبکہ زخمیوں کو علاج کے لیے اسرائیل منتقل کر دیا گیا۔
مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے بھی تصدیق کی کہ اس نے گائیڈڈ میزائل کے ذریعے عدیسیہ قصبے کے شمال مغرب میں ایک مرکاوا ٹینک کو نشانہ بنایا اور اسے تباہ کر دیا۔