قومی ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ان کی توجہ ٹیم کے مستقبل پر مرکوز ہے۔
قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد انہوں نے واضح کیا کہ ان کی ترجیح نوجوان ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے کہاہمارا کمبینیشن اس وقت بالکل درست ہے اور ہم پاکستان ٹیم کے مستقبل کو دیکھ کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
محمد رضوان نے مزید کہا کہ “جتنا زیادہ مشورہ اور بحث ہو گی، اتنے ہی اچھے کھلاڑی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ اگر کوئی چیز پاکستان ٹیم کے لیے بہتر ہو رہی ہے تو سب کو اس پر ایک جگہ کھڑا ہونا چاہیے۔ میرا ایک گروپ ہے، جو پاکستان ٹیم کا گروپ ہے۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے نزدیک ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی کپتان ہیں۔ اگر میں خود کو بطور کپتان بادشاہ سمجھوں تو سب کچھ خراب ہو جائے گا۔ ہمیں صرف یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ آپ لڑ کر کھیلیں۔
لاہور میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی سی بی نے محمد رضوان کو قومی ٹیم کا کپتان مقررکیا۔ انہوں نے اس اہم تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ محمد رضوان بطور کپتان کامیابی حاصل کریں گے۔کپتان صرف ایک ہی بنایا جا سکتا ہے، تمام کھلاڑیوں کو کپتان نہیں بنایا جا سکتا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد رضوان کو ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے، جبکہ سلمان علی آغا ان کے نائب ہوں گے۔