وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپو ر نے وفاقی اور پنجاب حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی کی کوئی شکایت آئی تو ملک بند کر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سردار علی امین گنڈا پور کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی کو سہولتوں نہیں دی جا رہیں۔ جن کے وہ حق دار ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی بانی تحریک انصاف کے لیے بجلی بند کر دی جاتی ہے تو کبھی نہ کھانا معیاری اور نہ ہی وقت پر انہیں دیا جاتا ہے ، حکومت ایسے رویے سے باز آئے ۔
علی امین گنڈاپور کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جیل کے اندر ان کے حقوق نہیں د ئیے جا رہے، وفاقی اور پنجاب حکومت نے ان کے ساتھ بد ترین رویہ اختیار کیا ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر کے پی کے کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کے دن گن رہے ہیں، بہت جلد پورے پاکستان کو بند کرکے جعلی حکومت سے چھٹکارا حاصل کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ہے اس کو واپس لیں گے، حکومت ہمیں مجبور نہ کرے کہ ہم پُر امن نہ رہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف سے غداری کرنے والوں کی پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں ۔
دوسری طرف علی امین گنڈا پور نے عمران خان سے ملاقات کیلئےعدالت سے رجوع کرلیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات کی اجازت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گنڈا پور کی خان سے جیل میں ملاقات کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے۔ جسٹس ارباب طاہر علی امین گنڈا پور کی درخواست پر سماعت کریں گے، رجسٹرار آفس نے کیس کی سماعت کیلئے کاز لسٹ جاری کر دی ہے۔