لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت کے جج تنویر احمد شیخ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے چوہدری پرویزالٰہی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔
عدالت نے پرویز الٰہی کو پانچ نومبر کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے مونس الٰہی کے شریک ملزم ضیغم عباس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالتی حکم میں بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے مونس الٰہی سمیت 9 اشتہاری ملزمان کی جائیدادیں قرقی کے دورانیے میں اضافے کی درخواست کی ہے۔
اس کے علاوہ مقدمے میں نامزد ملزم مونس الٰہی کی بیرون ملک سے گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس انٹرنیشنل پولیس کو بھیج دیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق، انٹرنیشنل پولیس کے پاس ریڈ نوٹس ریویو کے لیے موجود ہیں۔
عدالت نے مزید قرقی میں اضافے پر ایف آئی اے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ مزید یہ کہ عدالت نے زارا الٰہی کی مستقل حاضری معافی کی درخواست بھی منظور کر لی گئی ہے۔