وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سموگ کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر لاہور میں سموگ کی تعطیلات کا عندیہ دیا ہے۔
پنجاب میں اسموگ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فی الحال لاہور میں اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر سموگ کی صورتحال خراب ہوئی تو طلبہ کی صحت کے تحفظ کے لیے تعطیلات کا اعلان کیا جائے گا۔ سکندر حیات نے کہا کہ اسموگ سے نمٹنے میں عوام کو بھی حکومت کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) مسلسل خراب ہورہا ہے، منگل کی علی الصبح ایکوآئی 708 ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب خراب ہوا کے معیار اور آنے والے سموگ سیزن کی وجہ سے اکتوبر کے آخری ہفتے میں اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی تھی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی دارالحکومت بھر میں اسکول ہفتے کے دنوں میں صبح 8 بجکر 45 منٹ سے دوپہر 2 بجکر 45 منٹ تک کھلیں گے۔ جمعہ کے روز اسکول دوپہر 1:45 بجے ختم ہوگا۔