محکمہ ایکسائز کی گاڑیاں افسران میں ریوڑیوں کی طرح بانٹنے کا انکشاف

محکمہ ایکسائز کی گاڑیاں افسران میں ریوڑیوں کی طرح بانٹنے کا انکشاف

محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکاٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا نے پکڑی جانے والی گاڑیاں بااثر ملازمین میں ریوڑیوں کی طرح بانٹ دی۔

محکمہ نے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے رولز کے برعکس افیسرز کے ناموں پر گاڑیاں الاٹ کردی جبکہ قانون کے تحت گاڑیاں محکموں کے سیکرٹریوں کو الاٹ کی جاتی ہیں ۔  سال 2022 سے 2024کے دوران مجموعی طو رپر 87گاڑیاں الاٹ کی گئی ہیں جن میں سے دودرجن سے زائد گاڑیاں انفرادی طور پر آفیسرز کو آلاٹ کی گئی ہیں۔ محکمہ ایکسائز کےرولز کے مطابق گاڑیوں کی تقسیم کیلئے الاٹمنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ڈپٹی سیکرٹری ایکسائز ، انچارج وئیر ہاوس ، ڈی جی ایکسائز ، سیکرٹری ایکسائز اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے موٹر وئیکل ایگزامنر سمیت ڈپٹی سیکرٹری ایڈمنسٹریشن بھی شامل ہوتا ہے.

الاٹمنٹ کمیٹی گاڑیاں دیتے وقت گاڑی کی قیمت کا بھی تعین کرتی ہے تاکہ چوری ہونے کی صورت میں قیمت وصول کی جاسکے ، رولز کے مطابق مختلف محکموں کی جانب سے محکمہ ایڈمنسٹریشن سے گاڑیوں کی ڈیمانڈ کی جاتی ہے اور گاڑیاں محکمہ کو الاٹ کی جاتی ہیں جو سیکرٹری کی جانب سے افیسرز کو فراہم کی جاتی ہیں لیکن گاڑی محکمہ کے پاس ہی رہتی ہے کسی بھی افیسر کے تبادلے کی صورت میں گاڑی محکمہ کو واپس کر دی جاتی ہے،

گاڑیوں کی الاٹمنٹ سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا ایک فیصلہ بھی موجود ہے جس کے تحت محکمہ سے باہر گاڑیاں کسی اور کو الاٹ نہیں کی جاسکتی اور اگر الاٹ کی جائیں تو پھر روزانہ کی بنیاد پر رینٹ لیا جائے گا لیکن اس پر عملدرامد نہیں ہورہا ہے ۔

محکمہ ایکسائز کی جانب سے غیر قانونی طور پر جن افیسرز کو گاڑیاں الاٹ کی گئی ہے ان میں سے سابق ڈائریکٹر محکمہ ایکسائز یوسف مہمند کو ٹویوٹا مارک ایکس، سال 2021 میں اسٹیبلیشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے عصمت اللہ کو ٹویوٹا کورولا2020ماڈل، سال2023میں ہونڈا سوک ماڈل 2007ڈائریکٹر ایڈمن محکمہ تعلیم نوید اللہ شاہ، سال 2022میں اسسٹنٹ کمشنر پشاور عبید الرحمان ڈوگر کو ہنڈا سٹی ، سال 2020میں ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عارف خان کو نسان بلیوبریڈ ، سال2023میں ڈائریکٹر جنرل اڈٹ پول ظفر الدین کو ٹویوٹا کورولا 2007ماڈل، سال2022میں پی اے ٹو انفارمیشن منسٹر محمد جنید کو ہنڈ اسٹی ، سال 2022میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ صحت فیاض شیرپاو کو ٹویوٹا کورولا ، سال2022میں انرجی اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ کے ریاض احمد کو سوزکی مہران ، سال2023میں پی ایس او ٹو چیف سیکرٹری محمد توفیق کو نسان جیوک اور ٹویوٹا کورولا دو گاڑیاں الاٹ کی گئی ہیں۔

اسی طرح سال 2023میں ڈائریکٹر سوشل ویلفئیرخالد خٹک کو کورولا 2015ماڈل، سال2023میں سیکرٹری سپورٹس اینڈ کلچرل کپٹین ریٹائرڈ مشتاق احمد کو ٹویوٹا کروان ،سابقہ ڈائریکٹر ایکسائز رفیق مہمند کومارک ایکس، سال 2023 میں سیکشن آفیسر ٹرانسپورٹ برہان الدین کو ٹویوٹا ویٹز ،ایس پی محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے آفیسر سید عظمت علی شاہ کو کورولا، سال2023میں ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن عرفان کو پاسو، سال2023میں سینٹر اف ایکسیلنس کے قاسم کو ہنڈا سوک 2017ماڈل ، سال2022میں سیکرٹری سوشل ویلفئیرمحمد ضیا ءالحق کو ٹویوٹا کورولا ، ڈپٹی ڈائریکٹر ورکر ویلفیئر بورڈ محمد شعیب کو سوزکی الٹو ، سال2023میں ملٹری فنانس ناصر درانی کو ٹویوٹا کورولا 2018ماڈل، سال2021میں ڈائریکٹر جنرل برکت اللہ مروت کو ٹویوٹا کورولا ، سال2023میں ڈائریکٹر ٹورازم اینڈ کلچر خورشید عالم کو ٹویوٹا ویٹز ، ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی اے لیاقت علی کو ٹویوٹا پریمیو الاٹ کی گئی ہیں.

محکمہ ایکسائز کی جانب سے اس کے علاوہ61گاڑیاں محکموں کو الاٹ کی گئی ہیں جن میں 51گاڑیاں محکمہ ایڈمنسٹریشن کے حوالے کی گئی ہیں ، قانون کے مطابق وفاقی محکموں کو گاڑیاں کسی بھی صورت نہیں دی جاسکتی ہے لیکن وفاقی اداروں کو بھی گاڑیاں دی گئی ہے جن میں ریڈیو پاکستان ، اڈیٹر جنرل اور دیگر شامل ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *