بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے زندگی کی 59بہاریں دیکھ لیں ،وہ آج اپنی 59 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔
بالی ووڈ کے ‘کنگ’ اور ‘رومانس کے بادشاہ’ شاہ رخ خان نے آج اپنی 59ویں سالگرہ پر مداحوں کے ساتھ مخصوص فلمی انداز میں سالگرہ کا جشن منایا، گزشتہ شب 12 بجتے ہی شاہ رخ خان کو سالگرہ کی مبارکباد دینے ان کے چاہنے والے اداکار کی رہائش گاہ ’منت‘ کے باہر جمع ہو گئے۔
شاہ رخ خان نے آج اپنی سالگرہ کے موقع پر اپنے فین کلبز کیجانب سے منعقدہ تقریب میں مداحوں کے درمیان بانہیں پھیلا کر مخصوص انداز میں سالگرہ کا جشن منایا۔
تقریب کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے اپنے اُن تمام مداحوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اُن سے ملاقات کے لیے اس تقریب میں شرکت کی اور ان لوگوں کیلئے بھی محبت کا اظہار کیا جو تقریب میں شریک نہ ہو سکے۔
اپنی سالگرہ کی تقریب میں شاہ رخ خان نے بینی کیپ سن گلاسز اور سوئیٹ شرٹ پہن رکھی تھی، انہوں نے مداحوں کے سامنے کھڑے ہوکر اپنے مخصوص فلمی انداز میں سب کا شکریہ ادا کیا۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں شاہ رخ خان نے لکھا کہ ‘میری شام کو خاص بنانے کے لیے آپ کا شکریہ، ہر اس شخص کے لیے جو یہاں آیا، اور جو نہیں آسکا انکے لیے بھی ڈھیر ساری محبت’۔
مداحوں کے علاوہ متعدد بالی ووڈ شخصیات نے بھی شاہ رخ خان کو ان کی سالگرہ پر خوبصورت انداز میں مبارکباد دینے کا سلسلہ گزشتہ شب سے جاری ہے۔