چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں 26 ویں ترمیم کے تحت بنائے گئے جوڈیشل کمشن کا اجلاس آج مورخہ پانچ نومبر کو دن دو بجے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت ججز تعیناتی کے حوالےسے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج مورخہ پانچ نومبر کو دن دو بجے ہو گا۔ جوڈیشل کمشن کا ایجنڈا ججز نامزدگی اور سیکرٹریٹ کا قیام ہے اورآئینی بنچ کے سربراہ کی نامزدگی ترجیحی بنیادوں پر کیا جانا مین ایجنڈے کے طور پر شامل ہے۔سپریم کورٹ کے سینئرججز میں سے آئینی بنچ کے سربراہ کی نامزدگی ہوگی اورنئے تشکیل دیئے گئے جوڈیشل کمشن کے رولز ابھی نہیں بنے ہیں۔
پرانے رولز کے مطابق ممبران کسی کا بھی نام تجویز کرسکتے ہیں اورآئینی بنچ کے سربراہ کے لیے جسٹس امین الدین حکومت کے موسٹ فیورٹ ہیں جبکہ جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس منیب اختر کا اگر نام تجویز ہوگا تو حکومت مزاحمت کرے گی۔ حکومت جسٹس امین الدین خان کو آئینی بنچ کا سربراہ مقرر کرنے کے لیے جوڈیشل کمشن کے ممبران کو راضی کرنے کی کوشش کرے گی۔ سادہ اکثریت سے آئینی بنچ کے سربراہ کی نامزدگی عمل میں لائی جاۓ گی ۔