اسلام آباد اورراولپنڈی میں بارش، موسم خوشگوار،آئندہ 24گھنٹے موسم کیسا رہے گا؟

اسلام آباد اورراولپنڈی میں بارش، موسم خوشگوار،آئندہ 24گھنٹے موسم کیسا رہے گا؟

اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، جس کے باعث گرمی میں واضح کمی محسوس کی گئی، اچانک ہونے والی بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی اور فضاء ٹھنڈی اور خوشگوار ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق بارش کا سلسلہ رات دیر گئے شروع ہوا جو مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری رہا،اسلام آباد کے سیکٹرز اور راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں بارش کے باعث سڑکیں گیلی ہو گئیں جبکہ ہوا میں نمی کی مقدار بڑھنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر موسم کا موجودہ نظام شدت اختیار کر رہا ہے، جس کے باعث پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں :شہری خبردار ،آج موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کر دی

پنجاب کے متعدد اضلاع بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جیسے پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، سوات، دیر، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع بشمول گلگت، اسکردو، ہنزہ، نیلم ویلی، باغ، راولاکوٹ اور دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران بعض علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور سیلابی ریلوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جس کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

editor

Related Articles