ملک بھر میں آج 30 اپریل بروز جمعرات موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق مختلف علاقوں میں موسم کے رنگ الگ الگ نظر آئیں گے جبکہ بعض مقامات پر شہریوں کو احتیاط برتنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب کے بیشتر اضلاع اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی علاقوں جیسے مری، گلیات اور شمالی اضلاع میں ہلکی ہوائیں چلنے کے باعث موسم نسبتاً خوشگوار رہ سکتا ہے۔ دوپہر کے وقت درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جس کے باعث گرمی کی شدت محسوس کی جائے گی۔
سندھ اور جنوبی پنجاب میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں بعض شہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔ شہریوں کو بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم کوئٹہ اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی ٹھنڈک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے خاص طور پر میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔