لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا، اعلیٰ سول و عسکری قیادت کی شرکت

لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا، اعلیٰ سول و عسکری قیادت کی شرکت

لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی، جس میں ملک کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید افسر نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے زخمی ہونے کے بعد جامِ شہادت نوش کیا۔

نماز جنازہ میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف،  چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء داخلہ و اطلاعات، وزیرداخلہ محسن نقوی، دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام، ریٹائرڈ افسران، شہید کے اہلخانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر فضا سوگوار تھی اور شرکاء نے شہید کی قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حکام کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید گزشتہ روز بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فرنٹ لائن پر اپنے دستے کی قیادت کر رہے تھے کہ شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں شہادت کے اعلیٰ رتبے پر فائز ہو گئے۔ ان کی یہ قربانی ملک کے دفاع اور امن کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کا واضح ثبوت قرار دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف کی شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز کے گھر آمد، شہید کے نام پر اسکول کے قیام کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر شہید کی بے مثال بہادری، فرض شناسی اور وطن کے دفاع کے لیے دی گئی قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ دہشتگردی اور اس کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے حوصلے کو بلند کرتی ہیں اور ملک کے امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کو ان کے آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ پاک افواج اور پوری قوم کی جانب سے شہید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے جبکہ سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا۔

editor

Related Articles