لاہور میں حکومتی اعلان کے باوجود نجی تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کیخلاف ایجوکیشن اتھارٹی نے کارروائی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سموگ پر حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر 13 اسکولز کو بند کر کے شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے شاہدرہ، والٹن، ای ایم ای سوسائٹی، مناواں، داروغہ والا، فیروزپور روڈ پر کارروائیاں کر کے خلاف ورزی کرنے والے اسکولز کو بند کر دیا گیا۔
شوکاز جاری کیے گئے نجی سکولوں کو11 نومبر تک جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی ای او ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ حکومتی احکامات پر عمل درآمد ضرور کروائیں گے اور خلاف ورزی کرنیوالے سکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کریں گے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں سموگ کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب نے تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹی فکیشن جاری کیا ، جس میں کہا ہے کہ سکولز بند رہنے کے فیصلے کا اطلاق 7 سے 17 نومبر تک ہوگا، اس دوران نجی و سرکاری اسکولز بارہویں جماعت، اے لیولز تک بندرہیں گے۔