راولپنڈی: پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کی اے ٹی سی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ اج فرد جرم کی تاریخ مقرر تھی لیکن ہمارا موقف ہے کہ پی ٹی ائی میں کوئی دہشت گرد نہیں، یہ سیاسی مقدمات ہیں ان کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس دہشت گردی کا مقدمہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل چیف جسٹس نے کہا کہ دہشت گردی کے مقدمات جلد فیصلے کریں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹرائل کریں، جو صحیح دہشتگرد ہیں اور سب سے بڑا دہشت گرد کلبوشن پکڑا ہوا ہے اس کا ٹرائل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ چالان میں جس سازش کا ذکر کیا گیا اس کا کوئی انسپکشن رپورٹ کوئی ثبوت سرے سے موجود ہی نہیں۔ اْن کا کہنا تھا کہ یہ سارے ٹرائل سیاسی ہیں اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہو رہے ہیں ان کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہ کوئی ڈیل اور نہ ڈھیل مانگتے ہیں نہ رعایت مانگتے ہیں نہ بھیک مانگتے ہیں،جس طرح سے یہ بھکاری وزیراعظم اور اس کا پورا نظام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنا حق لڑ کر لیں گے، جیسا کہ قائد اعظم نے پاکستان کی تحریک چلائی تھی،ریلی میں لے کر رہیں گے پاکستاں کا نعرہ لگایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ اس نے جتنے بھی کالے قوانین بنوائے ان میں خود پکڑا گیا۔ نواز شریف نے اینٹی ٹیررزم ایکٹ بنایا خود پکڑا گیا،ملٹری ٹرائل کورٹ سیٹ بنایا اگر وہ ختم نہ ہوتا تو نواز شریف جہاز اغواء کرنے کی سہولت کاری منصوبہ بندی میں پکڑا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب مخالفین کے لیے بنایا لیکن اس میں نواز شریف کا پورا چول ٹبر پکڑا گیا۔