نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے عوام کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق آج سے 25 مارچ تک اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کے امکانات ہیں۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج سے تئیس مارچ تک آندھی، تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہیں، جبکہ سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔ اس ضمن میں صوبائی اور ضلعی ادارے الرٹ رہیں اور عوام سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بھی ملک میں بارش کی پیشگوئی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج رات سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو رہا ہے، جو ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور موسم میں تبدیلی کا باعث بنے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اٹھارہ سے بیس مارچ کے دوران بارش متوقع ہے، جبکہ کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔ تاہم پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ شام اور رات کے اوقات میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، سرگودھا اور میانوالی میں جزوی ابر آلودگی کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ عید کے دنوں میں بالائی علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
لاہور میں دو روز مسلسل بارش کے بعد موسم خوشگوار رہے گا اور آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔ بارش کے بعد عید کے دوران درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، جس سے موسم معتدل اور خوشگوار رہے گا۔
کراچی کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ آج کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے اور جنوب مغرب سے ہوائیں چار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی الرٹس پر توجہ دیں اور خاص طور پر بارش اور آندھی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔