وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے نوجوانوں کو بااختیار اور باروزگار بنانے کیلئے احساس نوجوان سکیم کے تحت قرضوں کے آن لائن پورٹل کا اجرا کردیا۔
سکیم کے تحت نوجوان آسان شرائط پر قرضوں کے لئے آن لائن درخواستیں دے سکتے ہیں، ”نوجوان پروگرام“ تین سالہ منصوبہ ہے جس پر تین ارب روپے لاگت آئے گی، بینک آف خیبر کے اشتراک سے ایک ارب روپے کی لاگت سے بلا سود قرضے دئیے جائیں گے۔
منصوبے کے مطابق 18 سے 35 سال تک کی عمر کے تین سے پانچ نوجوانوں پرمشتمل کلسٹرز کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے، قرضے کی واپسی کے لیے آٹھ سالوں پر مشتمل آسان شیڈول رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی علی امین خان گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا وژن ہے قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، جو لوگ اپنا گھر نہیں بنا سکتے ہم نے احساس کیا کہ انہیں گھر بنا کر دیں، مخدوش مالی صورتحال کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کو درجہ چہارم کی نوکری نہیں بلکہ اپنے کاروبار دینا ہے، آئیڈیاز لوگ لائیں گے مواقع حکومت دے گی اور اس طرح آگے بڑھیں گے۔