پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج صوابی میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر نے ہر صورت جلسے میں شرکت کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی رکاوٹ ہمیں نہیں روک سکتی، میں میانوالی سے قافلے کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچوں گا۔ صدر پی ٹی آئی لاہور، شیخ امتیاز نے بتایا کہ کچھ کارکنان صوابی پہنچ چکے ہیں جبکہ دیگر جانے کی تیاری کر رہے ہیں، لاہور کی قیادت بھی آج دوپہر ایک بجے تک ہر صورت صوابی کے لیے روانہ ہوگی۔
دوسری جانب صوابی جلسے کے معاملے پر پنجاب حکومت بھی فعال ہو گئی ہے۔ راولپنڈی اور اٹک پولیس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سینٹرل پولیس آفس لاہور نے چار اضلاع کے ڈی پی اوز، پنجاب کانسٹیبلری، اور ہائی وے پیٹرولنگ پولیس کی ڈیڑھ ہزار نفری کو آر پی او راولپنڈی کے حوالے کر دیا ہے اور اس حوالے سے مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
ڈی پی اوز اٹک، چکوال، گجرات، اور منڈی بہاء الدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 200، 200 اہلکاروں کے ساتھ فوری طور پر راولپنڈی رپورٹ کریں۔ پنجاب کانسٹیبلری کے 500 اور ہائی وے پیٹرولنگ کے 200 اہلکاروں کو بھی راولپنڈی اور اٹک پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
تمام فورسز آر پی او راولپنڈی کی صوابدید پر تعینات کی جائیں گی، جو فسادات سے نمٹنے کے لیے آنسو گیس شیلز اور دیگر اینٹی رائیٹ آلات سے لیس ہوں گی۔ فورس کی ٹرانسپورٹ، فیول، کھانے، اور رہائش کے انتظامات سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک کے ذمہ ہوں گے۔