کوئٹہ خودکش دھماکہ: علماء کرام کا شدید ردعمل، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

کوئٹہ خودکش دھماکہ: علماء کرام کا شدید ردعمل، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے نے پورے پاکستان کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ افسوسناک واقعے میں اب تک 24 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے ہیں۔

 سانحے کے بعد مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں نے یک زبان ہو کر دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے اور اس حملے کو انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم قرار دیا ہے۔ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا نظریہ نہیں ہوتا، اور ایسے حملے صرف معصوم انسانوں کی جانوں کو نقصان پہنچانے کے لیے کیے جاتے ہیں۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا نعمان حاشر، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا محمد خان لغاری ، صاحبزادہ حسان حسیب الرحمن ، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، علامہ عارف واحدی، بشپ آزاد مارشل ، سردار بشن سنگھ ، پادری عمائنول کھوکھر اور دیگر قائدین نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بے گناہ پاکستانیوں کا قتل عام کرنے والے سفاک دہشت گرد اور قاتل ہیں ۔

مذہبی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ہولناک واقعات کو روکنے کے لیے حکومت کو دہشت گردوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کرنی چاہیے تاکہ ملک میں امن و امان قائم ہو سکے اور شہریوں کی جان و مال محفوظ رہ سکے۔ علماء کرام نے مزید کہا کہ ان دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، بلکہ وہ انسانیت کے دشمن ہیں، اور ان کے حملوں کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کی سازشوں کے خلاف متحد ہوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کر کے ان کے نیٹ ورک کو بے نقاب کریں تاکہ ملک بھر میں امن و سکون قائم رکھا جا سکے۔مذہبی رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر دہشت گردوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے تاکہ ایسے حملوں کا تدارک کیا جا سکے اور ملک میں امن کی فضا بحال ہو سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *