پنجاب کے مختلف اضلاع میں واقع 8 نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف ایف آئی اے نے انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ سوسائٹیز واپڈا کے نام اور لوگو کو بغیر اجازت استعمال کر رہی تھیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے ان سوسائٹیوں کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور 14 نومبر کو ایف آئی اے آفس لاہور میں طلب کیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان سوسائٹیوں نے واپڈا کا نام اور لوگو غیر قانونی طور پر اپنے ہاؤسنگ پروجیکٹس کے ساتھ شامل کیا، جس کے ذریعے ممکنہ طور پر لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا تھا۔ ان میں میں واپڈا ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، واپڈا سٹی فیصل آباد اور واپڈا سٹی گوجرانوالہ کی سوسائٹیزشامل ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی واپڈا کی جانب سے موصول شکایت کے بعد شروع کی گئی، اور ان سوسائٹیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی جو بغیر اجازت واپڈا کے نام کا استعمال کر کے پلاٹ فروخت کر رہی ہیں۔ ایف آئی اے نے ان سوسائٹیوں کے انتظامیہ سے وضاحت طلب کی ہے کہ انہوں نے واپڈا کا نام کس طرح استعمال کیا اور اس کے پیچھے کیا وجوہات تھیں۔