پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر کامران اکمل کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں جیت ایسے ہی نہیں ملی بلکہ اس کے لیے بہت سی چیزوں کی قربانی دی گئی۔
قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ اپروچ ، منیجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی تبدیل ہوئی، مائنڈسیٹ تبدیل کرنے کیلئے سب چیزیں اہمیت رکھتی ہیں، جیت ایسے ہی نہیں ملی ، بہت سی چیزوں کی قربانی دی گئی ہے۔
کامران اکمل کا کہنا تھا کہ میں ٹیم اور پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی مینجمنٹ اور پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، 22 سال بعد سیریز جیتنا بہت بڑی کامیابی ہے، یہ پرفارمنس آسٹریلینز صدیوں یاد رکھیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں شکست دے کر 22 سال بعد آسٹریلوی سرزمین پر ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جیت لی ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پرتھ میں مدمقابل تھیں جہاں گرین شرٹس نے کینگروز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 22 سال بعد آسٹریلوی سرزمین پر ون ڈے سیریز اپنے نام کی۔