اسلام آباد: تیل و گیس کمپنیوں کی جانب سے عوامی فلاح کیلئے جمع کی گئی اربوں روپے عوامی فلاح و بہبود پر نہ خرچ کرنے خرچ کا انکشاف ہوا ہے ۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق کمپنیوں نے عوامی فلاح کے لیے مجموعی طور پر 9 ارب 95 کروڑ 59 لاکھ روپے جمع کرائے۔ جس میں سے 6 ارب 24 کروڑ 63 لاکھ روپے کی رقم تاحال اکائونٹس میں موجود ہے۔ دستاویز کے مطابق جمع کی گئی رقم میں سے صرف 3 ارب 70 کروڑ 96 لاکھ روپے کی رقم عوامی فلاح کے منصوبوں پر خرچ ہو سکی۔ دستاویزات سے لی گئی اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں آئل کمپنیوں کی جانب سے ایک ارب 31 کروڑ 86 لاکھ روپے سی ایس آ ر اکاؤنٹ میں جمع ہوئےجبکہ پنجاب میں صرف 42 کروڑ 74 لاکھ روپے عوامی فلاح پر خرچ کئے جاسکے۔
اسی طرح پنجاب میں 89 کروڑ 12 لاکھ روپے ابھی تک جوائنٹ اکاؤنٹ میں موجود ہیں۔ دستاویزکے مطابق سندھ میں پانچ ارب 66 کروڑ 38 لاکھ روپے سی ایس آر اکاؤنٹ میں جمع ہوئےجبکہ سندھ میں 2 ارب 5 کروڑ، 22 لاکھ روپے عوامی فلاح پر خرچ کیے گئے اور تین ارب 61 کروڑ 16 لاکھ روپے خرچ نہ کیے جا سکے۔ اسی طرح بلوچستان میں ایک ارب 52 کروڑ 70 لاکھ روپے سی ایس آر جوائنٹ اکاؤنٹ میں جمع ہوئے جبکہ بلوچستان میں 61 کروڑ 42 لاکھ روپے عوامی فلاح پر خرچ کیے گئے اوربلوچستان میں 91 کروڑ 29 لاکھ روپے اب بھی اکاونٹ میں جمع ہے۔
دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایک ارب 44 کروڑ، 63 لاکھ روپے کی رقم سی ایس آر کی مد میں جمع ہوئے جس میں سے صرف61 کروڑ، 57 لاکھ روپے کی رقم عوامی فلاح پر خرچ ہوسکی جبکہ 83 کروڑ، پانچ لاکھ روپے خرچ ہی نہ ہوسکے۔ واضح رہے کہ یہ رقوم کمپنیاں تیل وگیس کے علاقوں میں عوامی فلاح کیلئے سی ایس آر اکاؤنٹ میں جمع کرواتی ہے تاکہ مقامی سطح پرعوامی فلاح کے منصوبوں پرخرچ کئے جاسکے۔