ایم جی موٹرز پاکستان نے اپنی نئی ہائبرڈ الیکٹرک کراس اوور ایس یو وی ایم جی ایچ ایس پی ایچ ای وی متعارف کرادی ہےجو کہ آٹو شو 2024 میں پیش کی گئی۔
یہ گاڑی مکمل طور پر مقامی سطح پر اسمبل کی گئی ہے اور جدید فیچرز کے ساتھ زبردست کارکردگی کی حامل ہے۔ایم جی موٹرز نے اس گاڑی کے ابتدائی خریداروں کے لیے ایک خوش آئند پیشکش کی ہے، جس کے تحت گاڑی کی تعارفی قیمت میں 4 لاکھ روپے کی رعایت دی گئی ہے۔
اس رعایت کے بعد خریدار 94 لاکھ 99 ہزار روپے میں اس گاڑی کی خریداری کر سکیں گے جبکہ اصل قیمت 98 لاکھ 99 ہزار روپے ہے۔ گاڑی کی خصوصیات میں اس کی لمبائی 4610 ملی میٹر، چوڑائی 1876 ملی میٹر اور اونچائی 1685 ملی میٹر ہے۔ اس کا ویل بیس 2720 ملی میٹر ہے جبکہ ٹرنک کی گنجائش 463 لیٹر ہے، جو کہ بڑھا کر 1287 لیٹر تک کی جا سکتی ہے۔ فیول ٹینک کی گنجائش 37 لیٹر ہے۔
کارکردگی کے لحاظ سے ایم جی ایچ ایس پی ایچ ای وی میں 1.5 ٹی ٹربو چارجڈ ہائبرڈ انجن نصب ہے، جو 209 کلوواٹ طاقت اور 480 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتا ہے۔ اس کی ٹرانسمیشن 10 اسپیڈ ہے اور یہ گاڑی 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار 7.1 سیکنڈ میں حاصل کر سکتی ہے۔ فیول ایفی شینسی 58.8 کلومیٹر فی لیٹر ہے اور اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 185 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
ایم جی ایچ ایس پی ایچ ای وی کا بیرونی ڈیزائن جدید اور دلکش ہے جس میں ایل ای ڈی ہیڈلائٹس، الیکٹرک ڈور مررز، الیکٹرک لفٹ گیٹ اور ڈیجیٹل فلیم گرِل شامل ہیں۔ اس گاڑی میں مکمل حفاظتی خصوصیات بھی شامل ہیں، جیسے کہ ڈوئل فرنٹ، سائیڈ اور کرٹن ایئر بیگز، اینٹی لاک بریکنگ سسٹم، ای بی ڈی، لین ڈپارچر وارننگ، بلائنڈ اسپاٹ ڈیٹیکشن اور ریئر کراس ٹریفک الرٹ۔
فی الحال ایم جی ایچ ایس پی ایچ ای وی کی بکنگ کی قیمت اور تخمینی ڈیلیوری وقت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن دلچسپی رکھنے والے صارفین کو قریبی ایم جی ڈیلرشپ سے مزید معلومات حاصل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ایم جی موٹرز پاکستان کی جانب سے یہ نئی گاڑی ہائبرڈ ٹیکنالوجی کے شوقین افراد کے لیے ایک زبردست انتخاب ہے، جس میں جدید ترین فیچرز، طاقتور انجن اور بہترین فیول ایفی شینسی کی خصوصیات شامل ہیں۔