بیرون ملک مقیم پاکستانی گروپ نے پی آئی اے خریداری کیلئے نئی پیشکش کر دی، سابقہ 125 ارب روپے کی پیشکش میں مزید 5 ارب کا اضافہ کر دیا۔
انہا نگ گروپ نے وزیر نجکاری، وزیر ہوابازی، وزیر دفاع و دیگر متعلقہ حکام کو ایک اور مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں قومی ائیر لائن کی خریداری کیلئے کسی بھی دوسری کمپنی کے مقابلے میں 5 ارب کی اضافی رقم کی پیشکش کی گئی ہے۔
النہا نگ گروپ کا کہنا ہے کہ اگلے دو ہفتے یا زائد مدت کی آفر کیساتھ ہر اہل گروپ سے 5 ارب روپے اضافی دینے پر تیار ہیں۔ پی آئی اے کے 250 ارب کے واجبات ادائیگی کی بھی یقین دہانی کراتے ہیں، ملازمین کو بیدخل نہ کرنے ، ابتدا میں 30 فیصد بعد ازاں 100 فیصد تنخواہیں بڑھانے کی پیشکش بھی برقرار ہے۔
گروپ کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن کیلئے عمدہ بزنس پلان ، فضائی بیڑے میں جدید طیاروں کی شمولیت کا عزم کرتے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ یہ پیشکش پاکستان اور قومی ایئر لائن کیساتھ دلی وابستگی کا مظہر ہے، پی آئی اے کی منصفانہ مارکیٹ ویلیو کے مطابق فروخت کے حامی ہیں۔