ننکانہ صاحب، سردی کی شدت کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کے تاجروں نے قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا۔
شہریوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں ڈرائی فروٹ کی خریداری خواب بن کر رہ گئی ہے، چلغوزے،کشمش،چھوہارے،اخروٹ،انجیر،کاجو،بادام،پستہ ہویا مکس ڈرائی فروٹ ہماری قوت خرید میں نہیں رہا اب سفید پوش طبقے سے تعلق رکھنے والے شہری صرف مونگ پھلی ریوڑی اور بھنے ہوئے چنے وغیرہ ہی خرید سکتے ہیں۔
دوسری جانب ملک بھر میں موسم کے رنگ بدلتے ہی گرم کپڑوں اور جوتوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں،بازاروں میں خریداروں کارش،گرم کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے سفید پوش اور غریب طبقہ بھاؤ پوچھنے تک محدود ہوکر رہ گیا۔
ننکانہ صاحب سمیت ملک بھرمیں موسم تبدیل ہوتے ہی گرم کپڑوں اور جوتوں کی مانگ میں اضافہ ہونے سے بازاروں میں خریداروں کے رش میں دن بدن اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے۔بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کیلئے دکانداروں نے بھی گرم کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں %50اضافہ کرکے مہنگائی کا طوفان برپا کررکھا ہے۔