پنجاب حکومت کی جانب سے ایک نیا حکم جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کی تعداد کو محدود کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور خود مختار اداروں میں 50 فیصد عملے کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد سڑکوں پر ٹریفک کم کرنا اور اسموگ سے متعلق صحت کے خطرات کو کم کرنا ہے۔
ڈی جی ماحولیات نے اس حوالے سے مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاتر میں صرف 50 فیصد ملازمین کو بلایا جائے گا جبکہ باقی 50 فیصد کو گھروں سے کام کرنے کی پابندی ہوگی۔
مزید برآں مختلف محکموں کے درمیان میٹنگز بھی آن لائن کی جائیں گی، اور دفاتر آنے والے ملازمین کو کار پول کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ اقدام 13 نومبر سے 31 دسمبر تک نافذ رہے گا تاکہ اسموگ کی شدت کو کم کیا جا سکے اور عوام کی صحت کو محفوظ رکھا جا سکے۔