محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کر دی ہے، جو کل شام سے 16 نومبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل شام سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹ گرام اور ان کے ملحقہ علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور ہزارہ کے بالائی علاقوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دبئی کے 60 روز کے وزٹ ویزا کی نئی فیس سامنے آ گئی
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ اور جہلم میں بھی بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے شہروں فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، خوشاب اور سرگودھا میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ کوئٹہ، ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بادل برسیں گے، جبکہ بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ کل شام سے 16 نومبر کی صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں کل سے ہفتہ تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ یہ صورتحال چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، صوابی، چارسدہ اور نوشہرہ میں متوقع ہے۔
اس دوران دیگر اضلاع جیسے پشاور، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک اور ڈی آئی خان میں بھی درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی حالات سے آگاہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
خاص طور پر حساس بالائی علاقوں میں مقامی افراد اور سیاحوں کو موسم سے آگاہ رہنے اور فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کے لیے تیار رہنے کی تجویز دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موسم سرما میں گیس فراہمی کا نیا شیڈول جاری
انتظامیہ کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑکوں کی بندش کی صورت میں متبادل راستے فراہم کرنے کی کوشش کریں۔