محکمہ موسمیات نے اسموگ سے پریشان پنجاب کے شہریوں کو خوشخبری سنادی، جمعرات شام سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، فیصل آباد،گوجرانوالا، لاہور، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں بارشوں کیپیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں جمعرات سے 16نومبر کے دوران تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 15نومبر سے 16نومبر کے دوران پہاڑی علاقوں پر برف باری کی بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج جمعرات سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔14نومبر سے 15نومبر کے درمیان اسلام آباد راولپنڈی، پشاور، لاہور میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چٹیل، دیر سوات، بٹگرام، ایبٹ آباد، مری گلیات، کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بارش کے سلسلے کے دوران اسلام آباد خطہ پوٹھوہار، خیبر پختوانخوا اور بالائی پنجاب کے علاقوں میں جاری اسموگ میں کمی کا امکان ہے، بارشوں کے سلسلے سے فضائی آلودگی میں کمی اور ہوا کا معیار بہتر ہونے کی توقع ہے۔