مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کے ذریعے حکومت سے نکلنے کے بعد یہ انقلاب لانے کی 13ویں فائنل کال ہے۔
ایک بیان میں عرفان صدیقی نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے کہا کہ پی ٹی آئی کی 4 سالہ حکومت رول آف لاء کی پامالی، بیگناہ لوگوں کو جیلوں میں ڈالنے اور چوری شدہ مینڈیٹ کا بدترین عہد تھا۔
انہوں نے سوال کیا کہ آج بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کارکنوں کو کون سے مستقبل کےلیے باہر نکلنے کا پیغام دے دیا ہے؟
ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ عدم اعتماد کے ذریعے حکومت سے نکلنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی یہ انقلاب لانے کی 13ویں فائنل کال ہے، بانی پی ٹی آئی کی اس فائنل کال کا انجام بھی پچھلی 12 فائنل کالوں سے مختلف نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دی ہے اور واضح کیا کہ اس مرتبہ مطالبات تسلیم ہونے تک واپس نہیں جائیں گے۔