تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سینئر رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ میں عمران خان کی رہائی سے متعلق اپنے موقف پر قائم ہوں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں لطیف کھوسہ نے کہا کہ علیمہ خان نے خود سے اعلان نہیں کیا بلکہ عمران خان سے ملاقات کے بعد بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی عمران خان سے قیادت جب ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل جاتی ہے تو انہیں گرفتار کر لیا جاتا ہے ، انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج سے قبل ہی حکومت بھاگ جائے گی ۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ اس حکومت کا کوئی وجود نظر نہیں آتا، ہر بندہ فری فار آل ہے، پنجاب کی صورتحال سب کے سامنے ہے وہاں آپ بغیر ماسک کے باہر نہیں نکل سکتے، پنجاب میں اسکول اور انڈسٹریز بند کردی گئی ہیں۔
عمران خان کی رہائی سے متعلق سوال کے جواب میں لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے موقف پر ابھی بھی قائم ہوں ، بانی پی ٹی آئی کی رہائی نومبر میں ہو جائے گی ۔ عمران خان عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں، ان کی کال پورا پاکستان باہر نکل آئے گا ۔