پاکستان کے معروف اداکار نعمان اعجاز نے شوبز کی کمائی کو حرام قرار دینے سے متعلق سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ناقدین کو اپنے طرزِ فکر پر غور کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
حال ہی میں ایک یوٹیوب ویڈیو میں نعمان اعجاز نے اپنے ایک دوست کی جانب سے موصول ہونے والا ایک پیغام شیئر کیا، جس میں حلال اور حرام کے تصور پر گفتگو کی گئی تھی۔
اداکار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو بہت سی چیزوں کی پہچان فطری طور پر عطا کی ہے، تاہم حلال اور حرام میں فرق کرنے کا اختیار اس کے ضمیر اور انتخاب پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر انسان حلال اور حرام میں تمیز جانتا ہے تو پھر وہ حرام کاموں اور حرام روزی سے کیوں نہیں بچتا؟
نعمان اعجاز کی اس گفتگو کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل ہوئی۔ کئی صارفین نے ان کے خیالات کی حمایت کی، تاہم ایک صارف نے سوال کیا کہ کیا شوبز سے حاصل ہونے والی ان کی اپنی کمائی حلال ہے یا حرام؟
اس سوال کے جواب میں نعمان اعجاز نے مختصر مگر واضح انداز اپناتے ہوئے کہا، ’’آپ کی سوچ ایک مخصوص قسم کی سوچ ہے، خوش رہیں بھائی اور کبھی اپنے اوپر بھی نظر ڈال لیا کریں۔‘‘
اداکار کے جواب کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ کسی بھی پیشے کی حلت یا حرمت کا فیصلہ عمومی انداز میں نہیں کیا جا سکتا، جبکہ کچھ افراد نے شوبز انڈسٹری کے حوالے سے مذہبی نقطہ نظر پر گفتگو شروع کر دی۔
نعمان اعجاز کا شمار پاکستان کے صفِ اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے اور وہ کئی مقبول ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری کے باعث ناظرین میں خاص مقام رکھتے ہیں۔