سابق وزیر اعظم و سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کی غلطیوں کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کا 24 نومبر کا احتجاج کامیاب ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے احتجاج پر کنیٹنر لگا کر شہر سیل کرے گی تو احتجاج کامیاب ہو جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ سیاسی ماحول میں پارٹیوں کو احتجاج کا موقع دینا چاہیے، دارالحکومت پر حملہ آور نہیں ہونا چاہیے منتخب جگہ پر احتجاج کریں اور چلے جائیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں بھی ڈی چوک پر احتجاج کرنے کی اجازت نہیں تھی، پریڈ گراؤنڈ پر جلسے کی اجازت دینی چاہیے وہاں احتجاج کر کے چلے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مقصد اپنے بانی کو جیل سے رہا کرنا ہے تو یہ کامیاب نہیں ہو سکتے، سیاست میں مقصد پاکستان کے عوام اور ملک کی فلاح ہونی چاہیے، پی ٹی آئی صرف بانی کی رہائی کیلیے احتجاج کرے گی تو ان کی سیاست کو نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج ضرور کریں لیکن عوام کی زندگی کو مفلوج نہیں کرنا چاہیے، حکومت خود کنٹینر لگا کر عوام کی زندگیوں کو مفلوج کر دیتی ہے، نہ حکومت اور نہ ہی پی ٹی آئی کو عوام کا خیال ہوتا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کرسیوں اور عہدوں کو ایک طرف رکھ کر ملکی مفاد کے لیئے سب کو مل کر بات کرنا چاہیئے، تاہم انہوں نے کہا کہ آج صورتحال یہ ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے پاس ایسا لیڈر نہیں جو سب کو ایل پلیٹ فارم پر اکھٹا کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریفارم کا ایجنڈا چاہیئے، انکا کہنا تھا کہ آج سیاسی انا کا وقت گزر چکا ہے اگر آج سیاسی قیادت ساتھ نہیں بیٹھے گی تو فیصلے سڑکوں پر ہونگے اور ایسے فیصلے کسی کے لیے فائدہ مند نہیں ہوتے۔
آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام حاصل کرلیا کوئی کامیابی نہیں ہے۔ معیشت کی بحالی کے حوالے سے وزیر اعظم نے چار ماہ پہلے کہا تھا کہ روڈ میپ لائیں گے لیکن وہ آج تک کوئی روڈ میپ نہیں لا سکیں ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں انتشار کی سیاست کو ڈائیلاگ سے ہی دور کیا جا سکتا ہے اور ملک سے انتشار ختم ہو گا تو ملک آگے بڑھے گا۔