توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کریں گے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ بشریٰ بی بی بھی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل پہنچیں گی۔
عمران خان کے وکلاء بھی عدالت میں پیش ہوں گےاور پراسیکیوٹر ٹیم بھی اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں موجود ہوگی۔ واضح رہے کہ توشہ خانہ 2کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں پہلے ہی مسترد کی جا چکی ہیں۔
آج کی سماعت کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت بھی آج اڈیالہ جیل میں ہوگی۔کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کریں گے۔
اس کیس میں عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا جائے گاجبکہ بشریٰ بی بی بھی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل پہنچیں گی۔عمران خان اور بشرا بی بی کے وکلاء ظہیر عباس چودھری، عثمان گل اور دیگر کمرہ عدالت میں پیش ہوں گے۔
نیب کی ٹیم کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز کی قیادت میں نیب کے دیگر نمائندے بھی عدالت میں پیش ہوں گے۔ آج کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے 342 کے سوال نامے عدالت میں جمع کروائے جائیں گے، جو کیس کی آئندہ پیش رفت کے لیے اہم ہوں گے۔