انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی سے متعلق منصوبہ بندی کے الزام میں شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چودھری پر فرد جرم عائد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ ریس کورس میں درج مقدمے کی سماعت کوٹ لکھپت جیل میں ہوئی۔مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج نے کی۔ عدالت نے مجموعی طور پر 21 ملزمان پر فرد جرم عائد کی، جن میں شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چودھری شامل تھے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا تاکہ مزید کارروائی کی جا سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔
اس احتجاج کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، جس سے سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچا۔ احتجاج کے دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔ مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائشگاہ پر بھی حملہ کیا تھا اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس دوران ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی وارداتوں میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھاجبکہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مختلف مقدمات درج کیے گئے۔