پنجاب حکومت نے گردوں کے مریضوں کے لیے ڈائیلاسز کارڈ لانچ کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہر معاملے کو سیاست کا رنگ دیا جا رہا ہے لیکن حکومت عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز جلد ہی ڈائیلاسز کارڈ کا آغاز کریں گی اور اس کارڈ کے ذریعے ڈائیلائسز کے مریضوں کو 10 لاکھ روپے تک کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس فیصلے پر غور کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی مریض کو صحت کی سہولت سے محروم نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صرف مقامی افراد ہی نہیں بلکہ دوسرے صوبوں سے بھی لوگ علاج کے لیے آتے ہیںاور ڈائیلاسز پروگرام میں 30 فیصد مریض دوسرے صوبوں سے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض حلقوں میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ پنجاب خسارے کا شکار ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ پنجاب نے ٹی بلز کی شکل میں 200 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہےجسے آئی ایم ایف نے بھی سرمایہ کاری تسلیم کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو سال کے آخر تک سرپلس بجٹ فراہم کرے گا جس کی متوقع رقم 360 سے 380 ارب روپے ہو گی۔