لاہور: ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے قتل اور ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب دو خطرناک اشتہاری ملزمان کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر لئےگئے۔
ایف ائی اے حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان میں رضوان شہزاد اور آفاق علی شامل ہیں، جنہیں یو اے ای سے گرفتار کرکے لاہور ائرپورٹ منتقل کر دیئے۔ دونوں ملزمان پنجاب پولیس کو مطلوب تھے اور سنگین جرائم کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔ ملزم رضوان شہزاد کے خلاف 2022 میں قتل کی دفعات کے تحت تھانہ ائرپورٹ سیالکوٹ میں مقدمہ درج تھا، جبکہ ملزم آفاق علی کے خلاف 2016 میں تھانہ ماڈل ٹاؤن بورے والا میں ڈکیتی کے مقدمے کا اندراج کیا گیا۔
ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیے تھے، جس کے نتیجے میں انٹرپول اسلام آباد اور انٹرپول ابوظہبی کے درمیان قریبی رابطہ کاری کے باعث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کو ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے پنجاب پولیس کے حکام کے حوالے کر دیا، جہاں انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔