24 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج میں ایک اور بڑی سیاسی جماعت کا انکار سامنے آیا ہے۔
جمیعت علماء اسلام (جے یو آئی) کے بعد پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی (پی ایم اے پی) کے رہنما محمود خان اچکزئی نے بھی پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسد قیصر نے محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی اور انہیں 24 نومبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔
تاہم محمود خان اچکزئی نے اس دعوت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وقت بہت کم ہے اور تین دن میں ایسا احتجاج کیمپین کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسد قیصر نے محمود خان اچکزئی سے درخواست کی کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں، لیکن اچکزئی نے فی الحال احتجاج میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ برقرار رکھا۔
اس سے پہلے جے یو آئی بھی پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرکت سے انکار کر چکی ہے، جس سے پی ٹی آئی کو اپنے احتجاج کے لیے مزید سیاسی حمایت میں کمی کا سامنا ہے۔