پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ فخر زمان میچ ونر کھلاڑی ہے اگر فٹ ہوا تو ٹیم میں موقع دیا جائے گا، نئی سلیکشن کمیٹی کے آنے سے رزلٹ کافی بہتر ہوئے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فخر زمان کے جیسے ہی فٹنس مسائل حل ہوتے ہیں، انہیں منتخب کر لیں گے، اس میں کوئی شک نہیں کہ فخر زمان میچ واریئر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوچنگ میرے لیے نئی نہیں، 22 سال سے اس سے منسلک ہوں، ڈبل رول کی وجہ سے کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کپتان اور کوچ کی مرضی کے بغیر سلیکشن کمیٹی ٹیم سلیکٹ نہیں کرتی، کوشش ہوگی کہ بہترین دستیاب کھلاڑیوں میں سے ٹیم سلیکٹ کریں گے ، اب اسد شفیق ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے میں موجود ہوں گا، ٹیم سلیکشن کے حوالے سے نہ صرف میں بلکہ پوری سلیکشن کمیٹی فیصلہ کرے گی۔
عاقب جاوید نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف اگر کوئی پہلے کہتا کہ ہم ون ڈے سیریز جیتیں گے تو کوئی نہ مانتا، ہمارا فوکس اس وقت ون ڈے اور چیمپئنز ٹرافی پر ہے، زمبابوے کے لیے جو ٹیم سلیکشن کی ہے اور نئے لڑکوں کو میسج دیا ہے کہ ان کو ٹیم میں موقع ملے گا، تنقید ہوتی رہے گی اور ہونے بھی چاہیئے، تنقید اور تعریف کا تعلق کھلاڑی کی کارکردگی پر ہوتا ہے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ کپتان اور کوچ کی سوچ کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے گا، کپتان اور کوچ کی مشاورت کے بعد ٹیم کا اعلان کیا جاتا ہے، ڈبل رول سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم میں ایک تسلسل نظر آئے گا۔