ضمانت کے باوجود عمران خان کی رہائی کا امکان نہیں : عطا تارڑ

ضمانت کے باوجود عمران خان کی رہائی کا امکان نہیں : عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے اڈیالہ جیل میں قید بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہائی کے حوالے سے اہم بیان جاری کر دیا۔

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی 8 مقدمات میں ضمانت نہیں ہوئی ہے، ابھی ان کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس بھی منطقی انجام کو پہنچنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی رہائی کا امکان تو بالکل نہیں ہے، ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ مقدمات عدالتوں میں ہیں، سیاسی انتقام کا سوال پیدا نہیں ہوتا، 9مئی واقعات، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملوں کے واقعات پی ٹی آئی کی تاریخ رہی ہے، 9 مئی کے وقت ان کی بہنیں اور بھانجا جائے وقوع پر موجود تھے جبکہ بانی پی ٹی آئی کی واضح ہدایت تھیں کہ یہ کام کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے 8 مقدمات میں بانی کی ابھی ضمانت نہیں ہوئی ، توشہ خانہ ٹو کیس بہت سے شواہد موجود ہیں ابھی ٹرائل چل رہا ہے۔ ٹرائل کورٹ میں کیس آگے بڑھا تو ضمانت ختم بھی ہو سکتی ہے، عدالت نے ضمانت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرائل میں پیشی ضروری ہے۔ بشریٰ بی بی ضمانت کا غلط استعمال کر رہی ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں : مذاکرات کا آغاز بانی پاکستان تحریک انصاف کی رہائی سے شروع ہوگا : علی امین گنڈاپور

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ مذاکرات ہو بھی جائیں تو بانی کے پُرامن رہنے کی گارنٹی کون دے گا؟ بات حکومتوں کے درمیان ہوتی ہے لیکن ان کی کوشش ہے کہ اداروں کو سیاست میں دھکیلا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور وفاق میں رابطے رہتے ہیں، کل ایپکس کمیٹی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین موجود تھے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی حکومت کی طرف سے صوبائی حکومت سے رابطے میں رہتے ہیں۔

واضح رہے پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی کے لیے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دی ہے، جس کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ ہمیں تحریک انصاف کے احتجاج سے کوئی خطرہ نہیں، ان سے نمٹ لیں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *