اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کا احتجاج رکوانے کی درخواست پر وزیر داخلہ، آئی جی اسلام آباد، سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو آج ہی عدالت طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کا 24 نومبر کو احتجاج روکنے، غیر قانونی قرار دینے کی تاجر یونین کی درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے آج ہی وزیر داخلہ محسن نقوی کو طلب کرلیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اورآئی جی پولیس کو بھی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے کہا کہ ڈویژن بنچ کے بعد کیس کو آج ہی سنیں گے۔
واضح رہے کہ تاجر برادری نے پاکستان تحریک انصاف کا 24 نومبر کو احتجاج روکنے، غیر قانونی قرار دینے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔
جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز نے پی ٹی آئی کے احتجاج کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ پرامن کاروبار کرنا اور دیگر فرائض کی ادائیگی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ پی ٹی آئی کے احتجاج سے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوسکتے ہیں۔ لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ انتظامیہ کو ہدایت کی جائے کہ چئیرمین پاکستان تحریک انصاف اور کارکنان کو اس غیر قانونی احتجاج سے روکا جائےاور احتجاج کے پیش نظر نقل و حرکت، تجارت اور املاک کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
درخواست میں وزارت داخلہ، چیف کمشنر ، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں آئی جی اسلام آباد اور چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔