توشہ خانہ 2 کیس، ضمانت ملنے کے بعد عمران خان کی رہائی کی روبکار جاری

توشہ خانہ 2 کیس، ضمانت ملنے کے بعد عمران خان کی رہائی کی روبکار جاری

توشہ خانہ 2 کیس میں ضمانت ملنے کے بعد عمران خان کی رہائی کی روبکار جاری کر دی گئی۔

عمران خان کی رہائی کی روبکار اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے جاری کی۔ اگر عمران خان کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں رہائی دی جائے۔ عمران خان کے 10 لاکھ روپے کے دو مچلکے طارق نون اور راجہ غلام سجاد نے جمع کروائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے بانی اور سابق چیئرمین عمران خان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔ پراسیکیوشن کی جانب سے عمران خان کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کیا گیا تھا، تاہم عدالت نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 5 دن کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

مقدمہ تھانہ نیو ٹاؤن میں 28 ستمبر کے احتجاجی مظاہرے کے دوران عمران خان کی تقاریر پر درج کیا گیا تھا، جس میں ان پر عوام کو اکسانے اور اشتعال انگیز بیانات دینے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر 5 روزہ ریمانڈ کی منظوری دیتے ہوئے مزید کارروائی کے لیے عمران خان کو 26 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی 9 مئی سے متعلق 8 مقدمات میں ضمانتوں کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر

دوسری جانب عمران خان کے سیل پر پولیس کی سیکورٹی تعینات کردی گئی ہے۔ سیکورٹی عملہ تین مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دے گا تاکہ ان کی حفاظت اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی ائی کی سکیورٹی کیلئے پہلی شفٹ میں سب انسپکٹر محمد اسلم تین اہلکاروں کے ہمراہ ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جوکہ صبح 8 سے شام 4 بجے تک ڈیوٹی کریں گے۔

دوسری شفٹ میں سب انسپکٹر محمد اصف تین اہلکاروں کے ساتھ شام 4 سے رات 12 بجے تک ڈیوٹی دیں گے۔جبکہ تیسری شفٹ میں سب انسپکٹر محمد ازرم تین اہلکاروں کے ہمراہ رات 12 سے صبح 8 بجے تک سیکورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ سیل نمبر 4 کی سیکورٹی یونٹ کے لیے سی پی او راولپنڈی نے جیل سپریٹینڈنٹ اڈیالہ کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *