پشاور: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں 19 نومبر کو ہونے والے قومی اور صوبائی ایپکس کمیٹی اجلاسوں کی اہمیت اور متوقع پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف کو ملک کی موجودہ سلامتی کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، فیلڈ کمانڈرز، اور دیگر اہم حکام بھی موجود تھے۔
جنرل عاصم منیر نے غازیوں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں کو سراہا، جو مادر وطن کے دفاع میں دی گئی ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر متزلزل عزم
کے تحت دہشت گردی کے نیٹ ورکس کا خاتمہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانا اور ملک کی سالمیت کو درپیش خطرات سے بچانا، ہماری اولین ترجیح ہے۔پاک فوج کی عملی تیاریوں اور سیکیورٹی فورسز کے عزم کو سراہتے ہوئے ارمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مشترکہ آپریشنز کے ذریعے ملک کی سلامتی کو لاحق تمام خطرات کو ختم کیا جائے گا۔ اس سے پہلے پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا شاندار استقبال کیا۔