ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

ملک کے پاور سیکٹر میں گورننس کے چیلنجز اور مالیاتی مسائل کے باوجود نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے ملازمین کے لیے تنخواہوں میں اضافے، کارکردگی انکریمنٹس اور بونسز کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مالی سال 26-2025 کے لیے مارکیٹ آپریشن فیس کے فیصلے میں نیپرا نے ملازمین کو مہنگائی کے تناسب سے 4.49 فیصد بنیادی اضافہ جبکہ کارکردگی کی بنیاد پر 6 فیصد انکریمنٹ کی اجازت دی ہے، جس کے بعد مجموعی اضافہ 10.49 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

فیصلے کے تحت ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 1 ارب 58 کروڑ روپے اور مختلف مراعات کے لیے 24 کروڑ 90 لاکھ روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی ہے،اسی طرح بونس کی مد میں کمپنی کی جانب سے 19 کروڑ 90 لاکھ روپے کی درخواست کی گئی تھی، تاہم نیپرا نے اسے کم کر کے صرف ایک بنیادی تنخواہ کے برابر یعنی 5 کروڑ 56 لاکھ روپے تک محدود کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایک ماہ کی اضافی تنخواہ ، بجٹ ملازمین کو بطور بونس دینے کا فیصلہ

مزید برآں کمپنی کی جانب سے کی جانے والی نئی بھرتیوں کی درخواست کو بھی جزوی طور پر مسترد کر دیا گیا ہےپہلے سے بھرتی کیے گئے 26 ملازمین کے لیے 10 کروڑ 97 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں، جبکہ آئندہ بھرتیوں کو الگ منظوری سے مشروط کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ اسٹاف ٹریننگ کے لیے مانگے گئے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے کے بجائے صرف 85 لاکھ روپے کی اجازت دی گئی، جبکہ کنسلٹنٹس اور ہیڈ ہنٹنگ فرمز کی خدمات حاصل کرنے کی درخواستیں مکمل طور پر مسترد کر دی گئیں۔

انتظامی اخراجات کے لیے مانگی گئی رقم 31 کروڑ 60 لاکھ روپے سے کم کر کے 27 کروڑ 11 لاکھ روپے کر دی گئی ہے، جس میں کمیونیکیشن، آڈٹ فیس اور انشورنس جیسے شعبے شامل ہیں،اسی طرح آئی ٹی سروسز اور گاڑیوں کی مرمت کے بجٹ کو بھی نمایاں طور پر کم کر دیا گیا ہے۔

نیپرا نے اپنے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال اور بجلی کے شعبے کے بحران کے پیش نظر صارفین پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

editor

Related Articles