اسلام اباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار اسلام آباد میں قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو واپس نہیں جانے دینا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ کیا اور پولیس فورس سے ملاقات کے دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں پولیس کی اہمیت انتہائی زیادہ ہے۔
اس حوالے سے کوئی بھی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ 25 نومبر کو بیلاروس کے صدر کا پاکستان کا دورہ اور 24 نومبر کو بیلاروس کا وفد پاکستان پہنچ رہا ہے، جس کے پیش نظر اسلام آباد کو ہر صورت محفوظ رکھنا ہے۔
انہوں نے پولیس فورس کو ہدایت دی کہ شہر کو امن و سکون فراہم کرنے کے لیے ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسلام آباد کے امن کو خراب کرنے والے عناصر کو گرفتار کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بار قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو واپس نہیں جانے دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے پولیس افسران کو دوران ڈیوٹی مکمل حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی بھی تاکید کی اور کہا کہ پولیس فورس کو ہیلمٹ اور حفاظتی جیکٹس پہن کر فرائض سرانجام دینے چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پولیس کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ ساتھ رہے گی۔
“اس بار کسی کو وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔”
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔